اسرائیلی حراست میں غذائی قلت سے جاں بحق فلسطینی نوجوان کی میت 19 ماہ بعد اہلخانہ کے حوالے

رام اللہ (خبر ایجنسیاں) اسرائیلی جیل میں شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث جاں بحق ہونے والے 17 سالہ فلسطینی نوجوان ولید احمد کی میت ڈیڑھ سال سے زائد عرصے بعد اہلخانہ کے حوالے کر دی گئی۔

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ولید خالد احمد کا تعلق رام اللہ کے مشرق میں واقع قصبے سلوان سے تھا۔ انہیں 30 ستمبر 2024ء کو حراست میں لیا گیا تھا اور وہ تقریباً 6 ماہ بعد مارچ 2025ء میں میگیدو جیل میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 17 سال تھی۔

فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق اداروں کے مطابق نوجوان کو جیل میں ناکافی خوراک اور طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کا سامنا رہا، جس کے باعث ان کی صحت انتہائی خراب ہوگئی تھی۔ پوسٹ مارٹم میں شدید غذائی قلت اور جسمانی کمزوری کے شواہد سامنے آئے تھے۔

اسرائیلی عدالت نے دسمبر 2025ء میں ان کی موت کی تحقیقات بند کر دی تھیں، تاہم طبی شواہد میں غذائی قلت کی نشاندہی کی گئی تھی۔ قانونی کوششوں کے بعد اسرائیلی حکام نے 12 نومبر کو ان کی میت اہلخانہ کے حوالے کی۔

وفا کے مطابق ولید احمد کی میت کی حوالگی کے بعد بھی اسرائیلی حکام کی تحویل میں دورانِ حراست جاں بحق ہونے والے 98 فلسطینی قیدیوں کی میتیں موجود ہیں۔