غذر میں مسافر وین دریائے یاسین میں جا گری، 11 افراد جاں بحق، 2 زخمی

گلگت (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی یاسین میں نوح پل کے مقام پر مسافر وین بے قابو ہو کر دریائے یاسین میں جا گری، جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

مقامی حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی شام تقریباً 7 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ گلگت سے ہندور جانے والی مسافر ہائی ایس گاڑی نمبر این سی پی 247 بے قابو ہو کر دریا میں جا گری۔ گاڑی میں ڈرائیور سمیت 13 افراد سوار تھے۔

ریسکیو 1122 غذر کو رات تقریباً 8 بجے حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد گوپس، گاہکوچ اور سنگل سے امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے منتقل کیا گیا۔حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔