واشنگٹن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، 4 زخمی؛ حملہ آور نے خودکشی کرلی

واشنگٹن (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے علاقے لوگن سرکل میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، جبکہ حملہ آور نے پولیس کے محاصرے کے دوران خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ جمعرات کی صبح تقریباً 8 بجے ایک جم میں شروع ہوئی، جہاں ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ بعد ازاں حملہ آور نے قریبی علاقے میں مزید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

پولیس نے حملہ آور کی تلاش کے دوران قریبی رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر اسے ایک اپارٹمنٹ میں محصور پایا۔ مذاکرات کاروں نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک اسے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم اندر سے گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔ پولیس اہلکار اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے تو حملہ آور خود کو گولی مار چکا تھا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم حملہ آور اور متاثرین کے درمیان تعلق اور فائرنگ کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔