پشاور ہائیکورٹ نے کوہاٹ میں دو بہنوں اور ایک بھائی کو قتل کرنے والے بھائی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار
پشاور (نامہ نگار) عدالت عالیہ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم حیدر علی کو حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم نے 30 ستمبر 2022ء کو کوہاٹ کے تھانہ کینٹ کی حدود میں اپنی دو بہنوں اور ایک بھائی کو قتل کیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ ملزم کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
سیشن کورٹ نے 2024ء میں ملزم کو مقدمے سے بری کر دیا تھا، جس کے خلاف صوبائی حکومت نے اپیل دائر کی۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ نے ٹھوس شواہد اور فرانزک رپورٹ کو نظر انداز کیا۔
فیصلے کے مطابق ملزم نے مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا اور کہا تھا کہ اس نے غیرت کے نام پر قتل کیے اور اسے اپنے فعل پر کوئی پشیمانی نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ محض ماں کی ممتا یا مفاہمت کی خواہش کی بنیاد پر ملزم کے خلاف موجود ٹھوس شواہد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے صوبائی حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے ملزم کی بریت کا فیصلہ منسوخ کر دیا اور اسے تینوں قتل کے جرم میں تین مرتبہ سزائے موت سنائی۔

