مستونگ ( خبر ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر واقع کنڈاوا سیکیورٹی پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ حملے کے دوران خودکش گاڑی کے دھماکے سے 2 مقامی شہری شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے پوسٹ کو نشانہ بنایا اور اس کے بعد راکٹ لانچروں اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کرتے ہوئے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم تعینات اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی گاڑی چوکی کے بیرونی حصے میں پھٹ گئی، جس سے قریبی گھروں کو نقصان پہنچا اور 2 مقامی شہری جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے بعد فرنٹیئر کور کے اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے موقع پر پہنچ گئے، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

