واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا نے عراق میں سرگرم ایک ایران نواز مسلح گروہ کے سربراہ حیدر مظہر کی گرفتاری یا ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر تک انعام کا اعلان کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ انعام حرکت انصار اللہ الاوفیاء نامی گروہ کے سیکریٹری جنرل حیدر مظہر مالک الساعدی المعروف حیدر الغراوی کے حوالے سے معلومات پر دیا جائے گا۔

امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس گروہ کو جون 2024 میں خصوصی عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا۔واشنگٹن کے مطابق اس گروہ پر جنوری 2024 میں اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا الزام ہے، جس میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔مزید کہا گیا ہے کہ یہ گروہ عراق میں امریکی سفارتی تنصیبات اور اردن و شام میں امریکی فوجی اڈوں اور اہلکاروں پر حملوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

