واشنگٹن( امریکی میڈیا، وائٹ ہاؤس)امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے ایک ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے ضبط کر لئےہیں۔امریکی وزیرِ خزانہ سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان پر مرحلہ وار عمل درآمد ہوگا اور جو کچھ ہٹایا جائے گا وہ بتدریج ہٹایا جائیگا۔
اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ عمان نے آبنائے ہرمز میں کسی قسم کا ٹیکس عائد نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر ایران کی مدد کی گئی تو عمان کے خلاف بھی پابندیوں پر غور کیا جا سکتا ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ایران نے جوہری معاملے پر بات چیت کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے، جسے سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے اور امریکی جہاز اب واپسی کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اس بات پر متفق ہونا ہوگا کہ وہ کبھی جوہری ہتھیار یا ایٹم بم حاصل نہیں کرے گا، جبکہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر عالمی بحری آمد و رفت کے لیے کھولنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں استحکام اور عالمی تجارت کے تسلسل کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری راستوں کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔

