لندن (ایجنسیاں) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور لبنان پر حملوں کے خلاف لندن میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ برطانیہ اپنی سرزمین کو امریکی جنگ کیلئےاستعمال نہ ہونے دے۔
مظاہرین نے ایران اور لبنان پر بمباری فوری بند کرنے اور برطانوی فوجی اڈوں کو امریکی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شریک افراد نے اس جنگ کو غیر قانونی اور جنگی جرم قرار دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا اس جنگ میں شامل ہونا تشویشناک ہے اور حکومت کو امریکی پالیسیوں سے خود کو الگ کرنا چاہیے۔ کچھ مظاہرین نے کہا کہ یہ جنگ فلسطین میں جاری مظالم کا تسلسل ہے اور خطے میں مزید تباہی کا باعث بن رہی ہے۔
ریلی کے شرکاء نے بائیکاٹ، سرمایہ کاری کے خاتمے اور پابندیوں (BDS) جیسے اقدامات کے ذریعے مزاحمت بڑھانے پر زور دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی جنگی پالیسیوں کا ساتھ دینے سے گریز کرے۔
مظاہرے کے دوران مقررین نے کہا کہ ایران پر حملے صرف فوجی کارروائی نہیں بلکہ خطے میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش ہے، جبکہ برطانوی حکومت پر الزام لگایا گیا کہ وہ اس معاملے میں امریکا کی حمایت کر رہی ہے۔

