فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک گیر پابندی عائد
پہلے سے فضا میں موجودمقامی اوربین الاقوامی طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت
بین الاقوامی پروازوں کے بارے میں انفرادی بنیادوں پر فیصلے کیے گئے
واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں سنگین خرابی کے باعث وفاقی ادارے نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے تمام پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم دے دیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 7 ہزار پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکی وفاقی ادارے برائے ہوا بازی کے مطابق یہ غیر معمولی اقدام فضائی تحفظ کے پیش نظر کیا گیا۔ متعدد فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی رابطوں کے مسائل سامنے آنے کے بعد ملک گیر سطح پر پروازوں کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شکاگو میں بھی اس سے قبل مواصلاتی خرابی کے باعث فضائی آمدورفت متاثر ہوئی تھی۔
امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر مارک وین مولن نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خرابی ٹیلی مواصلاتی نظام میں پیدا ہوئی تھی اور فی الحال کسی سائبر حملے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ حکام نے خرابی کی اصل وجہ جاننے اور مواصلاتی نظام بحال کرنے کیلئے تحقیقات شروع کردیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعہ کی شام 4 بج کر 40 منٹ تک 481 پروازیں منسوخ یا کم از کم 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوچکی تھیں، جبکہ اس وقت کے بعد 11 ہزار سے زائد پروازیں روانہ ہونا تھیں، اس لیے مزید خلل کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق یہ 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کے بعد دوسری مرتبہ تھا کہ ملک بھر میں تمام پروازوں کی روانگی روکنے کا غیر معمولی فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل جنوری 2023ء میں بھی نظام کی خرابی کے باعث ایسا اقدام کیا گیا تھا۔حکام نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ ہوائی اڈوں کا رخ کرنے سے پہلے اپنی پروازوں کی تازہ صورتِ حال متعلقہ فضائی کمپنی سے معلوم کریں۔

