پاکستان میں سونا، تانبا، لیتھیم سمیت اہم معدنیات کی تلاش کیلئے پروگرام شروع

چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن
خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے ذخائر کی نشاندہی کی جائیگی:علی پرویز ملک

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک بھر میں سونا، تانبا، لیتھیم اور دیگر اہم معدنیات کے ذخائر کی تلاش کے لیے تیز رفتار ارضیاتی نقشہ سازی کا پروگرام شروع کردیا ہے، جس کے تحت جدید سائنسی سروے اور تحقیقی ڈرلنگ کے ذریعے معدنی وسائل کی نشاندہی کی جارہی ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت رکھنے والی معدنیات کی تلاش پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید جیو کیمیکل اور جیو فزیکل سروے، تحقیقی ڈرلنگ اور جدید تجزیاتی ٹیکنالوجی سے لیس ارضیاتی تحقیقی تجربہ گاہوں کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے ضلع چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور دیگر بنیادی دھاتوں کے ذخائر کی تلاش جاری ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت پاکستان ارضیاتی سروے کے ذریعے معدنی شعبے کی سائنسی بنیاد مضبوط بنا رہی ہے۔ تیز رفتار نقشہ سازی پروگرام کے تحت ایک بٹا 50 ہزار کے پیمانے پر تفصیلی سروے کیے جارہے ہیں، جن سے ملک بھر میں معدنی ذخائر اور ان کے امکانات کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے ارضیاتی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام سمیت بین الاقوامی تکنیکی تعاون کے ذریعے ڈیجیٹل نقشہ سازی، فضائی سروے اور معدنیات کے جائزے کی مہارت بہتر بنائی جارہی ہے، جبکہ کئی دہائیوں پر مشتمل ارضیاتی ریکارڈ کو بھی ڈیجیٹل شکل دی جارہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو قابلِ اعتماد معلومات میسر آسکیں اور معدنیات کی تلاش کے خطرات کم ہوں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے خام معدنیات برآمد اور تیار شدہ مصنوعات درآمد کرتا رہا ہے، تاہم اب تانبے کی پگھلائی کے منصوبوں کے ذریعے کان سے تیار دھات تک پیداواری عمل میں ملکی حصہ بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنی ذخائر کی دریافت ابتدائی مرحلہ ہے، انہیں تجارتی طور پر قابلِ عمل بنانے کے لیے بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور عالمی منڈیوں تک رسائی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت روہڑی، نوکنڈی ریلوے راہداری کی مجوزہ بہتری، پورٹ قاسم سے رابطوں اور ریکوڈک کے اطراف بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر کام کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف معدنی کانیں قائم کرنا نہیں بلکہ ایک مربوط، مسابقتی اور پائیدار معدنی صنعت تشکیل دینا ہے، جس میں مقامی سطح پر پراسیسنگ، صفائی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور عالمی منڈیوں سے روابط کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معدنی منصوبوں کی کامیابی کے لیے مقامی آبادی کا اعتماد حاصل کرنا بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس شعبے کی ترقی سے نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔