بھیجا گیا تحریری جواب غیر تسلی بخش قرار، نیب راولپنڈی آئندہ کارروائی کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریگا
اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے دوسرے نوٹس پر بھی پیش نہیں ہوئے۔
نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کو آج صبح 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئےطلب کیا تھا، تاہم وہ نیب دفتر نہیں پہنچے۔ ذرائع کے مطابق ان کی جانب سے کوئی نمائندہ بھی پیش نہیں ہوا۔
اس سے قبل نیب نے انہیں 10 نومبر کو طلب کیا تھا، تاہم وہ ذاتی طور پر پیش ہونے کے بجائے اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب بھجوا چکے تھے۔ نیب حکام نے اس جواب کو غیر تسلی بخش اور ناکافی قرار دیتے ہوئے دوسرا طلبی نوٹس جاری کیا تھا۔
نیب پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں 2022ء سے 2023ء کے دوران مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کررہا ہے۔ اسعد محمود اس عرصے میں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز کے عہدے پر فائز تھے۔
تحقیقات کے مطابق پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار 938 منظور شدہ آسامیوں کے مقابلے میں 4 ہزار 252 افراد بھرتی کیے جانے کا الزام ہے، جبکہ 2 ہزار 646 بھرتیاں ایسی آسامیوں پر کیے جانے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو پہلے ہی ختم کی جاچکی تھیں۔
تحقیقات میں مستقل بنیادوں پر بھرتیوں، عمر کی مقررہ حد سے زائد امیدواروں کی تقرری، جعلی دستاویزات اور صوبائی ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی شامل ہیں۔
نیب کے نوٹس میں خبردار کیا گیا تھا کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسعد محمود کی مسلسل عدم پیشی کے بعد مزید طلبی نوٹس جاری کرنے یا آئندہ کارروائی کے بارے میں فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

