راولپنڈی کے قریب جعفر ایکسپریس کا پاور پلانٹ اور 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مین لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل
متاثرہ ڈبوں کو کرین کے ذریعے پٹری پر لانے کا کام شروع

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) راولپنڈی میں نور ریلوے اسٹیشن کے قریب جعفر ایکسپریس کا پاور پلانٹ اور 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، تاہم حادثے میں کوئی مسافر زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ جارہی تھی کہ آئی جے پی روڈ کے قریب نور اسٹیشن پر اس کا پاور پلانٹ اور 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کے باعث ریلوے کی مین لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔ ٹرین کے آخری 3 ڈبے الگ کرکے اسے روانہ کردیا گیا، جبکہ متاثرہ بوگیوں کو کرین کی مدد سے دوبارہ پٹری پر لانے کا کام شروع کردیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق کنٹرول روم سے صورتِ حال کی نگرانی کی جارہی ہے اور متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں مرمتی کام کے باعث ریلوے آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس منسوخ کردی گئی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی ٹرین کا سفر جیکب آباد تک محدود کردیا گیا۔