ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان کی تھائی لینڈ کو 24 رنز سے شکست

عائشہ ظفر کی دھواں دار نصف سنچری، پاکستان کے180 رنز ، تسمیہ ربّاب کا4 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں کردار

عجمان (سپورٹس ڈیسک) ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے مقابلے میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تھائی لینڈ کو 24 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 42 جبکہ صدف شمس نے 32 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔ کپتان منیبہ علی 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی اوپننگ جوڑی نے 7.1 اوورز میں 74 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ نتھاکن چنتھم نے 24 گیندوں پر 43 اور فنیٹا مایا نے 22 گیندوں پر 33 رنز بنائے، تاہم پاکستانی بولرز نے بعد میں مسلسل وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کی پیش قدمی روک دی۔

پاکستان کی تسمیہ ربّاب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مومنہ ریاض نے ایک، نَشرا سندھو نے ایک اور طوبیٰ حسن نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ تھائی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 156 رنز ہی بناسکی۔

عائشہ ظفر کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔