مسی ساگا کے نومنتخب میئر ایلون ٹیڈجو کی بونی کرومبی اور کیرولین پیرش سے ملاقات

،شہر کی ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق،سابق میئرز نے رہنمائی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی
انتخابی مہم کے بعد شہر کو آگے لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مسی ساگا کے نومنتخب میئر ایلون ٹیڈجو نے سابق میئرز بونی کرومبی اور کیرولین پیرش سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں شہر کے مستقبل، ترقیاتی امکانات اور کمیونٹی کی بہتری کیلئےمختلف تجاویز اور خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔

ایلون ٹیڈجو نے اپنے بیان میں کہا کہ انتخابی مہم ختم ہوچکی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام لوگ مل کر مسی ساگا کو ہر شہری کیلئے ایک بہتر شہر بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بونی کرومبی اور کیرولین پیرش سے ملاقاتوں میں شہر کے مستقبل کے حوالے سے نقطہ نظر اور تجربات کا تبادلہ ہوا۔

انہوں نے میئر کا عہدہ سنبھالنے کی تیاری کے دوران دونوں رہنماؤں کی حوصلہ افزائی، مشوروں اور تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بونی کرومبی نے اپنے دورِ عوامی خدمت میں مسی ساگا کے مفادات کیلئے بھرپور کردار ادا کیا اور تقریباً ایک دہائی تک شہر کی میئر رہیں۔

ایلون ٹیڈجو نے کیرولین پیرش کی 40 سال سے زائد عرصے پر محیط عوامی خدمات کو بھی سراہا، جن میں تعلیم، پارلیمنٹ اور سٹی ہال میں ان کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں شخصیات نے کئی برس تک شہر اور اس کے عوام کی خدمت کی، جس پر وہ ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسی ساگا کے سامنے ترقی کے بے شمار مواقع اور نئی تجاویز موجود ہیں۔ وہ سابقہ کاموں اور تجربات کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام شہریوں کو ساتھ لے کر شہر کی بہتری اور ترقی کیلئےکام کرنے کے منتظر ہیں۔