انڈونیشیا میں غیر قانونی سونے کی کان میں سیلاب، 13 کان کن ہلاک، 13 لاپتا

جکارتہ (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں سونے کی غیر قانونی کان میں بارش کے باعث پانی بھر جانے سے 13 کان کن ہلاک ہوگئے، جبکہ مزید 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ امدادی کارکنوں نے دو سرنگوں سے 13 لاشیں نکال لی ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ پیر 23 نومبر کی رات بوگور ضلع کے علاقے پونگکور میں پیش آیا، جہاں کان کن سونے کے ذرات تلاش کرنے کے لیے زیرِ زمین کھدائی کررہے تھے۔ شدید بارش کے باعث قریبی دریا سیسوروہ میں طغیانی آگئی اور پانی کان کی تقریباً 100 میٹر گہری سرنگوں میں داخل ہوگیا، جس سے اندر کام کرنے والے مزدور پھنس گئے۔

مغربی جاوا پولیس کے سربراہ ہینگکی کے مطابق واقعے کے وقت مجموعی طور پر 26 کان کن دونوں سرنگوں میں موجود تھے۔ ان میں سے 13 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جن میں سے 6 کی شناخت بھی کرلی گئی ہے، جبکہ باقی 13 افراد کی تلاش کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق 11 کان کن پانی بھرنے سے پہلے کان کے ایک حصے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

امدادی کارروائیوں میں 300 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں رسیوں کی مدد سے تنگ اور گہری سرنگوں میں اتر کر لاپتا افراد تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہیں۔ کان کے اندر پانی کی سطح بلند ہونے، کم روشنی، پھسلن اور راستوں کی تنگی کے باعث کارروائی میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

حکام کے مطابق جمعرات کو بھی شدید بارش کے باعث پانی مسلسل کان میں داخل ہوتا رہا، جس کے نتیجے میں تلاش کا کام عارضی طور پر روکنا پڑا۔ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ موسم اور زیرِ زمین حالات کو دیکھتے ہوئے کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ امدادی اہلکاروں کی حفاظت کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ کان میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہونے کے باعث حادثے کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو نہیں دی گئی۔ مقامی کان کنوں اور رہائشیوں نے ابتدائی طور پر خود پانی نکالنے کی کوشش کی، لیکن صورت حال قابو سے باہر ہونے پر حکام کو اطلاع دی گئی۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع تقریباً 16 گھنٹے بعد موصول ہوئی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی گئی۔

سرکاری کان کنی کمپنی پی ٹی انٹام نے واضح کیا ہے کہ حادثہ اس کی ملکیت یا زیرِ انتظام کان میں پیش نہیں آیا بلکہ اس کے پونگکور منصوبے کے قریب ایک غیر قانونی کان میں ہوا۔ کمپنی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کارروائیوں میں تعاون فراہم کیا ہے۔

انڈونیشیا میں غیر قانونی کان کنی کے دوران حادثات معمول ہیں۔ چھوٹے پیمانے پر سونا نکالنے والے مزدور اکثر حفاظتی انتظامات، مناسب آلات اور تربیت کے بغیر کام کرتے ہیں، جس کے باعث سرنگیں بیٹھنے، سیلاب اور زہریلی گیسوں سے ہلاکتوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔