نظام کی تبدیلی جمہوری اور سیاسی طریقے سے ہونی چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

ملتان (خبر ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے نظام میں اصلاح یا نئی ترتیب کا عمل جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، یہ عمل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے اور اس میں حکومت، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی قوتوں کو شامل کیا جائے۔

ملتان پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر نظام کو عوام کی خدمت کے قابل بنانا اور ملک کو معاشی مشکلات سمیت اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے تو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس کے لیے قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور تمام ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام میں تبدیلی یا اصلاح کے لیے سب سے پہلے یہ جاننا ہوگا کہ موجودہ نظام کو ناکامی سے دوچار کرنے کی وجوہات کیا ہیں۔ 1973ء کا آئین خود ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام بنایا گیا، اس لیے بنیادی مسائل کی تشخیص کیے بغیر کوئی بھی حل مؤثر ثابت نہیں ہوسکتا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ ملک کے مستقبل اور نظام میں تبدیلی سے متعلق فیصلے کسی ایک فرد یا گروہ کو کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لے کر پارلیمان کے ذریعے فیصلے کیے جائیں۔ ان کے بقول پارلیمان سے باہر فیصلے کرنے سے جمہوری نظام ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کے قابل نہیں رہے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کا پارلیمان، انتخابی عمل، عدلیہ اور احتساب کے نظام پر اعتماد کم ہوا ہے، جسے بحال کرنے کے لیے حکومت کو اعتماد سازی کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کے درمیان بداعتمادی موجود ہے، اسلئے سیاسی مکالمے اور مفاہمت کے ذریعے اس فاصلے کو کم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بھی نظام کی بہتری کے لیے ناگزیر ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے عمل میں شامل کیا جائے، کیونکہ اگر اصلاحات پر اتفاق رائے نہ ہوا تو آئندہ انتخابات کے نتائج اور ان کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومتوں پر بھی سوالات اٹھتے رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تحریک انصاف بھی ایک سیاسی حقیقت ہے اور اسے انتخابی اصلاحات کے عمل سے باہر نہیں رکھا جاسکتا۔ مخصوص نشستوں کی واپسی کو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ایک اقدام کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے سیاسی مفاہمت، پارلیمان کی بالادستی اور تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے ملک میں نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترامیم وسیع سیاسی اتفاق رائے سے ہونی چاہئیں۔ ان کے مطابق محض پارلیمانی اکثریت کی بنیاد پر آئینی تبدیلیاں مسلط کرنے کے بجائے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحث اکثر جماعتوں کے باہمی اختلافات تک محدود رہتی ہے، جبکہ عوام کے بنیادی مسائل نظرانداز ہو رہے ہیں۔ عام شہری دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم اور بزرگوں کی ادویات کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پریشان ہیں۔ کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی اور محنت کشوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ نہیں مل رہا۔

انہوں نے نوجوانوں کی بے روزگاری اور کم آمدن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملازمت ملنے کے باوجود بہت سے نوجوانوں کی تنخواہ آمدورفت اور دیگر اخراجات میں صرف ہوجاتی ہے۔ حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی اور دیگر قومی مسائل کا حل ممکن نہیں، اسلئےسیاسی اختلافات کو محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔