تھامس مارکل پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے 2 الزامات میں فردِ جرم عائد

لاس اینجلس (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) برطانیہ کے شہزادہ ہیری کی اہلیہ اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل کے والد تھامس وین مارکل پر امریکا کی وفاقی عدالت میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے 2 الزامات میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔ 82 سالہ تھامس مارکل پر الزام ہے کہ انہوں نے کم عمر بچوں کی فحش تصاویر پر مشتمل فلمی نیگیٹو جان بوجھ کر اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں ہر الزام کے تحت 20 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لاس اینجلس کی وفاقی عدالت میں 24 نومبر کو ایک گرینڈ جیوری نے تھامس مارکل کے خلاف فردِ جرم منظور کی۔ اس سے قبل ان کے خلاف اسی نوعیت کا ایک الزام عائد کیا گیا تھا، تاہم نئی فردِ جرم کے بعد الزامات کی تعداد بڑھ کر 2 ہوگئی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تفتیشی اداروں نے لاس اینجلس کے علاقے میں ان کے زیرِ استعمال دو ذخیرہ گاہوں کی تلاشی کے دوران تقریباً 78 اشیا قبضے میں لیں، جن میں فلمی سلائیڈز، 35 ملی میٹر فلم کے نیگیٹو اور کتابیں شامل تھیں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان اشیا میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد موجود تھا۔

عدالتی دستاویزات میں الزام لگایا گیا ہے کہ بعض تصاویر میں ایک بالغ شخص کم عمر بچیوں کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں دکھائی دیتا ہے۔ ایک گواہ نے تصاویر میں موجود شخص کی شناخت تھامس مارکل کے طور پر کی۔ تفتیشی حکام کے مطابق کچھ مواد فلپائن میں ان کی سابقہ رہائش گاہ سے بھی منسلک بتایا گیا ہے۔

تھامس مارکل کو 6 نومبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لیک لینڈ میں ایک رہائشی مرکز سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔ ابتدائی طور پر عدالت نے انہیں گھر میں نظر بندی اور ٹخنے پر برقی نگرانی کا آلہ لگانے کی شرط پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم چند روز بعد مبینہ طور پر نگرانی کا آلہ کاٹ کر اتارنے کے بعد انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ وہ اس وقت فلوریڈا میں زیرِ حراست ہیں اور انہیں مقدمے کی کارروائی کے لیے لاس اینجلس کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل عدالت نے نفسیاتی معائنے کی رپورٹ کی روشنی میں انہیں مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے ذہنی طور پر اہل قرار دیا تھا۔ عدالت میں ابتدائی سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب تھامس مارکل نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔ ان کی بیٹی میگھن مارکل نے بھی الزامات سامنے آنے کے بعد گہرے دکھ اور پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بچوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور اپنے والد سے دوری اختیار کرنے کے فیصلے کا مقصد بھی اپنے بچوں کو محفوظ رکھنا تھا۔

تھامس مارکل اور میگھن کے درمیان 2018ء میں شہزادہ ہیری سے شادی کے موقع پر اختلافات پیدا ہوئے تھے اور اس کے بعد سے دونوں کے تعلقات منقطع ہیں۔