نیتن یاہو کی جماعت نے 120 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج عدالت میں چیلنج کردئیے

یروشلم (خبر ایجنسیاں) اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کو عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے 120 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج منسوخ کرنے اور ان مقامات پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کی درخواست دائر کردی۔

اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق لیکوڈ نے بدھ 25 نومبر کو یروشلم کی ضلعی عدالت میں درخواست جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی اور ووٹروں کی شناخت اور ووٹ ڈالنے سے متعلق معلومات غیر قانونی طور پر جمع کی گئیں۔

جماعت نے الزام لگایا کہ عرب آبادی والے علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کے اندر سے ووٹ ڈالنے والے اور ووٹ نہ ڈالنے والے افراد کی معلومات سیاسی جماعتوں کے کارکنوں تک پہنچائی گئیں، جنہیں انتخابی مہم کے دوران ووٹروں کو متحرک کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ لیکوڈ کے مطابق اس عمل سے مختلف جماعتوں کے درمیان انتخابی مقابلے کی برابری متاثر ہوئی۔

درخواست میں متبادل طور پر 41 آبادیوں کے 95 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ جماعت نے دعویٰ کیا کہ 53 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ کی رازداری بھی متاثر ہوئی، جہاں بعض افراد کے پولنگ بوتھ میں داخل ہونے، بیلٹ پیپرز کی تصاویر بنانے اور ووٹروں کے انتخاب کو ظاہر کرنے جیسے واقعات پیش آئے۔

لیکوڈ نے اپنی درخواست کے ساتھ حلف نامے، تصاویر، ویڈیوز اور پولنگ اسٹیشنوں کی کمیٹیوں کی کارروائیوں سے متعلق دستاویزات بھی پیش کی ہیں۔ جماعت نے ایک انتخابی ماہر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بعض ووٹوں کو شمار سے نکالنے کی صورت میں پارلیمان میں نشستوں کی تقسیم تبدیل ہوسکتی ہے۔

تاہم اسرائیلی مرکزی انتخابی کمیٹی کے حکام نے پہلے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ بیشتر شکایات میں ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے۔ تقریباً 800 شکایات میں سے صرف 5 کو مزید جانچ کے قابل قرار دیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق انتخابی نتائج میں ردوبدل کے لیے محض بے ضابطگیوں کا الزام کافی نہیں بلکہ یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان سے نتائج متاثر ہوئے۔

دوسری جانب سابق آرمی چیف اور حکومت سازی کی کوشش کرنے والے اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشر نے لیکوڈ کی درخواست کو جمہوری انتخابی نتائج کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا۔ جماعت نے کہا کہ جو لوگ حقیقی سیاسی اتحاد چاہتے ہیں وہ عوام کے جمہوری فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کے انتخابات میں نیتن یاہو کے اتحاد نے 120 رکنی پارلیمان میں 53 نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ گادی آئزن کوٹ کے ممکنہ اتحادی گروپ کو 48 نشستیں ملیں۔ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کیں۔ کسی بھی سیاسی اتحاد کو حکومت بنانے کیلئےدرکار اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے گادی آئزن کوٹ کو حکومت تشکیل دینے کیلئے 6 دسمبر تک مہلت دی ہے، جس میں مزید 14 روز کی توسیع بھی ممکن ہے۔ اس دوران انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کی قانونی کارروائی نے ملک میں جاری سیاسی کشمکش کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔