پیانگ یانگ (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک کسی صورت اپنے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار نہیں ہوگا اور نہ ہی بیرونی دباؤ پر اپنی جوہری حیثیت تبدیل کرے گا۔ انہوں نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری طاقت کی آئینی حیثیت کو تسلیم کرنے سے انکار کو کھلے عام اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔
شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کم جونگ اُن نے 25 نومبر کو جوہری مواد کی تیاری کے مراکز اور جوہری ہتھیاروں کی تحقیق سے متعلق ادارے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی جوہری صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو جوہری مواد کی پیداوار مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت اب ایک ناقابلِ تردید حقیقت بن چکی ہے اور اس کی حیثیت ناقابلِ تبدیلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایسے ممالک موجود ہیں جو اپنے غلبے کے لیے جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرتے ہیں، شمالی کوریا بھی اپنی جوہری طاقت برقرار رکھے گا، کیونکہ یہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے فوجی حکام پر زور دیا کہ مختلف نوعیت کے فوجی مقاصد کے لیے کم طاقت والے میدانِ جنگ کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال اور تعیناتی کے دائرے کو وسیع کیا جائے۔ ان کے مطابق دشمنوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے جوہری خطرات کے پیش نظر ملک کی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ جوہری تعاون اور مشترکہ جوہری حکمت عملی کے ذریعے خطے میں جوہری فوجی اتحاد قائم کررہا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکا کے دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کو جوہری آبدوزوں کے حصول کی طرف بھی راغب کررہا ہے۔
کم جونگ اُن کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایشیا کے حالیہ دورے کے دوران ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم دونوں رہنماؤں کی ملاقات نہیں ہوسکی۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، لیکن پیانگ یانگ کا مؤقف ہے کہ مذاکرات کے لیے امریکا کو اپنی مبینہ مخالفانہ پالیسی ترک کرنا اور شمالی کوریا کی جوہری حیثیت تسلیم کرنا ہوگی۔
دوسری جانب جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی جانب سے میدانِ جنگ میں استعمال ہونے والے جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی بڑھانے کے اعلان پر تشویش ظاہر کی ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے پیانگ یانگ سے جوہری پروگرام کو وسعت دینے کا جواز پیش کرنا بند کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی جاری کردہ تصاویر میں جوہری مواد کی تیاری کے مراکز میں سینٹری فیوج مشینیں اور جوہری وارہیڈز دکھائی دیے ہیں۔ کم جونگ اُن نے ایک ایسے مرکز کا بھی دورہ کیا جسے جوہری توانائی سے چلنے والے آلات کی تیاری کا مرکز قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ شمالی کوریا کے بحری جوہری پروگرام اور جوہری آبدوز کی تیاری سے متعلق ہوسکتا ہے۔
شمالی کوریا نے 2006ء سے اب تک 6 جوہری تجربات کیے ہیں، جن میں آخری اور سب سے طاقتور تجربہ 2017ء میں کیا گیا تھا۔ جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کے مطابق نجی تحقیقی اداروں کے اندازوں کی بنیاد پر شمالی کوریا کے پاس 80 سے 120 تک جوہری وارہیڈز ہوسکتے ہیں، تاہم اس تعداد کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔

