عام آدمی کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچایا: شہباز شریف

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عام آدمی پر منتقل ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کیے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا، تاہم حکومت نے عوام کو اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھنے کیلئےمختلف اقدامات کیے۔

شہباز شریف کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے اب تک 2 کروڑ افراد مستفید ہوچکے ہیں، جبکہ اس منصوبے کے تحت موٹر سائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو خصوصی رعایت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے 128 ارب روپے سے زائد مختص کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا، جبکہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ بھی صارفین پر منتقل نہیں ہونے دیا گیا۔

وزیراعظم نے جماعت اسلامی کی قیادت سے عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے ہونے والے مذاکرات اور تجاویز کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے مشاورت اور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم سے عوام کو فائدہ پہنچا ہے، تاہم مہنگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے مزید اقدامات اور پیٹرولیم لیوی میں کمی ضروری ہے۔ حکومت اور جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں تجاویز پر مزید غور اور عمل درآمد کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔