اوسلو میں پاکستان کا 80واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اوسلو (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے سفارتخانے اوسلو میں پاکستان کا 80واں یومِ آزادی 14 اگست کو قومی جوش و جذبے اور وقار کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد ناروے کی کمیونٹی کے ارکان، مختلف کمیونٹی تنظیموں اور نسلی میڈیا کے نمائندوں سمیت ناروے اور پاکستان کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں ناروے کے ارکان پارلیمنٹ فروخ قریشی اور خالد محمود جبکہ لاہور ہائیکورٹ کی معزز جج جسٹس ابہر گل خان سمیت دیگر ممتاز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد سفیر پاکستان عاصم علی خان نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ اس موقع پر ناروے کی پارلیمنٹ کے سابق ڈپٹی اسپیکر اختر چوہدری کی جانب سے سفارتخانے کو تحفے میں دیا گیا بڑا پاکستانی پرچم بھی چانسلری کی دیوار پر آویزاں کیا گیا۔

تقریب میں صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

بعدازاں پاکستانی نژاد نارویجن اسکول کے بچوں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا، جس میں تقاریر، پاکستان کے مختلف صوبوں کی نمائندگی کرنے والے روایتی ملبوسات میں بچوں کی فینسی ڈریس پریڈ اور تحریک پاکستان کے ہیروز اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹیبلو شامل تھا۔ اس موقع پر یوم آزادی کا کیک بھی سفیر عاصم علی خان نے بچوں کے ہمراہ کاٹا۔

سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں یوم آزادی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے بانیان اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر پروگرام میں حصہ لینے والے بچوں اور دیگر فنکاروں میں ان کی حب الوطنی پر مبنی کاوشوں کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب پاکستان کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔