اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی، میچز 12 جولائی2028 سے شروع ہوں گے

لاس اینجلس+ جنیوا(سپورٹس ڈیسک)بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ایک صدی سے زائد عرصے بعد کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ میچز 12 جولائی سے شروع ہوں گے جبکہ فائنلز 20 اور 29 جولائی کو ہوںگے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) نے اعلان کیا ہے کہ 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کو باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ کرکٹ مقابلے 12 جولائی2028 سے شروع ہوں گے، جبکہ میڈل میچز 20 اور 29 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ کرکٹ اس سے قبل صرف ایک بار، 1900 کے پیرس اولمپکس میں شامل کی گئی تھی، جس میں برطانیہ نے فرانسیسی ٹیم کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

آج جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، کرکٹ کے تمام میچز لاس اینجلس سے تقریباً 50 کلومیٹر دور پومونا کے فیئر گراؤنڈز پر خصوصی طور پر بنائے گئے عارضی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

مقابلے ٹی 20 فارمیٹ میں ہوں گے، جن میں مردوں اور خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں گے۔ ہر ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی، اور ہر ٹیم کا اسکواڈ 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ اس مقصد کیلئے مرد و خواتین کھلاڑیوں کیلئےعلیحدہ 90، 90 کوٹے مختص کیے گئے ہیں۔

میچز زیادہ تر دنوں میں دو ہوں گے — ایک صبح 9 بجے اور دوسرا شام 6:30 بجے (مقامی وقت کے مطابق)، جبکہ 14 اور 21 جولائی کو کوئی میچ شیڈول نہیں کیا گیا۔

لاس اینجلس اولمپکس کی تنظیمی کمیٹی نے گزشتہ سال اکتوبر میں تجویز دی تھی کہ کرکٹ کو دوبارہ شامل کیا جائے، جسے IOC نے منظور کر لیا۔ میزبان ملک امریکہ کی مرد و خواتین کرکٹ ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز (CWI) کے چیف ایگزیکٹو کرس ڈیرنگ نے کہا کہ، “ہم چاہتے ہیں کہ ویسٹ انڈین ممالک کی اولمپک تاریخ کو تسلیم کیا جائے۔ ان ممالک نے انفرادی طور پر اولمپکس میں تمغے جیتے ہیں۔ اب جب کہ کرکٹ اولمپکس میں شامل ہو گئی ہے، تو ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہمارے کرکٹرز کو نمائندگی سے محروم نہ کیا جائے۔ ہم مقابلے کے لیے تیار ہیں، لیکن سب سے بڑھ کر ہم انصاف چاہتے ہیں۔”

کرکٹ کی شمولیت کو دنیا بھر میں شائقین نے سراہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ کھیل اولمپکس کو نئی عالمی توجہ فراہم کرے گا خاص طور پر جنوبی ایشیا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور کیریبین ممالک میں۔

اپنا تبصرہ لکھیں