اونٹاریو لبرل پارٹی کے حالیہ قیادت کے انتخابات انتہائی کم فرق سے ختم ہوئے، جہاں نودیپ سنگھ بینس نے لی فیئرکلاف کو شکست دے کر پارٹی کی قیادت حاصل کر لی۔ اگرچہ انتخابی نتیجہ سامنے آ چکا ہے، لیکن اس نے پارٹی کی اندرونی جمہوریت، انتخابی نظام، نوجوانوں اور طلبہ کے کردار، اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے کئی اہم سوالات کو جنم دیا ہے۔
جب کسی سیاسی جماعت کی قیادت کا فیصلہ انتہائی معمولی فرق سے ہو تو کامیاب امیدوار جشن ضرور منا سکتا ہے، لیکن پارٹی کو اس نتیجے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انتخابی کامیابی اپنی جگہ، مگر ایک منقسم مینڈیٹ اپنے ساتھ کئی سیاسی چیلنجز بھی لے کر آتا ہے۔
اصل سوال صرف یہ نہیں کہ قیادت کس نے حاصل کی، بلکہ یہ بھی ہے کہ کیا اونٹاریو لبرل پارٹی اس انتخاب کے بعد پہلے سے زیادہ مضبوط، متحد اور ڈگ فورڈ کی حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، یا اس انتخاب نے پارٹی کے اندر مزید اختلافات پیدا کر دیے ہیں؟
“طلبہ کلبوں کا غیر معمولی اثر و رسوخ”
اس قیادت کے انتخاب کا ایک اہم اور قابلِ بحث پہلو یونیورسٹیوں کے طلبہ کلبوں کا کردار اور ان کے ووٹوں کا اثر رہا۔
سیاست میں طلبہ کی شرکت یقیناً ضروری ہے۔ نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شامل ہونا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو انہیں آگے آنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ تاہم جب قیادت کا فیصلہ انتہائی معمولی فرق سے ہو اور پارٹی کے انتخابی نظام میں طلبہ کلبوں کو نمایاں وزن حاصل ہو، تو یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ آیا یہ نظام پارٹی کی مجموعی رکنیت کی نمائندگی متوازن انداز میں کرتا ہے یا نہیں۔
انتخابی نظام کے تحت ہر حلقے کی تنظیم کو 100 پوائنٹس جبکہ ہر تسلیم شدہ طلبہ کلب کو 50 پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔
ایک حلقے کی تنظیم پورے انتخابی حلقے کے پارٹی ممبران، مقامی سیاسی کارکنوں، کمیونٹی رہنماؤں اور دیرینہ وابستگان کی نمائندگی کرتی ہے، جبکہ طلبہ کلب ایک مخصوص تعلیمی ادارے کے طلبہ کی نمائندگی کرتا ہے۔
دونوں کی نمائندگی اہم ہے، لیکن کیا ان کے ووٹنگ وزن کا تعین اس انداز میں ہونا چاہیے کہ چند منظم گروپ قیادت کے انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکیں؟
مسئلہ طلبہ کی سیاسی شرکت نہیں، بلکہ یہ سوال ہے کہ آیا پارٹی کا انتخابی نظام تمام طبقات کو متوازن اور منصفانہ نمائندگی فراہم کرتا ہے۔
اگر کوئی امیدوار طلبہ کلبوں کی حمایت سے فیصلہ کن برتری حاصل کرے، جبکہ حلقوں کی تنظیموں میں اسے خاطر خواہ حمایت حاصل نہ ہو، تو پارٹی کو اپنے انتخابی نظام اور مجموعی رکنیت کے اعتماد کا جائزہ لینا چاہیے۔
“سیاسی mobilization یا حقیقی عوامی حمایت؟”
یہ انتخاب سیاسی mobilization یعنی منظم سیاسی سرگرمی اور ووٹروں کو متحرک کرنے کی طاقت کا بھی مظہر ہے۔
قیادت کے امیدوار طلبہ کلبوں کو منظم کر سکتے ہیں، ممبرشپ بڑھا سکتے ہیں، ووٹر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں اور مخصوص ووٹنگ پوائنٹس کو حاصل کرنے کے لیے حکمت عملی بنا سکتے ہیں۔ یہ سب جائز سیاسی سرگرمیاں ہیں، لیکن اس سے ایک اہم فرق سامنے آتا ہے: حقیقی عوامی سیاسی جوش و جذبہ اور انتخابی مہم کے ذریعے منظم کردہ ووٹنگ قوت۔
سیاسی جماعتوں کو اپنے قیادت کے انتخابات محض ممبرشپ بھرتی کرنے اور انتخابی مشینری کی طاقت کے مقابلے میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے۔
کسی سیاسی جماعت کی ساکھ اس بات پر منحصر ہوتی ہے کہ اس کے ارکان محسوس کریں کہ ان کی شرکت جماعت کی جمہوری روح کی حقیقی عکاسی کرتی ہے، نہ کہ ایسے نظام کی جس میں چند منظم گروپ حکمت عملی کے تحت انتخابی نتیجے پر غیر معمولی اثر ڈال سکیں۔
اونٹاریو لبرل پارٹی کو اپنے قیادت کے انتخابی نظام، ممبرشپ کی تصدیق اور مختلف تنظیموں کو دیے جانے والے ووٹنگ وزن کا شفاف جائزہ لینا چاہیے۔
“منقسم ووٹرز سے منتخب ہونے والا قائد”
انتہائی معمولی فرق سے کامیابی کسی وسیع عوامی یا پارٹی مینڈیٹ کی علامت نہیں ہوتی۔
نئے قائد کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ قیادت کے انتخاب میں تقریباً نصف ووٹرز نے دوسرے امیدوار کو ترجیح دی۔ ان حامیوں کو نظرانداز کرنا، سیاسی طور پر الگ تھلگ کرنا یا یہ توقع رکھنا کہ وہ خود بخود نئی قیادت کے ساتھ کھڑے ہو جائیں گے، دانشمندانہ حکمت عملی نہیں ہوگی۔
لی فیئرکلاف اور ان کے حامی پارٹی کے ایک بڑے حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے خیالات، ترجیحات اور سیاسی توانائی کو پارٹی کے مستقبل میں شامل کرنا ضروری ہے۔
اگر نئی قیادت اپنی معمولی کامیابی کو مکمل اختیار سمجھنے لگے تو وہ پارٹی کے انہی ارکان کو دور کر سکتی ہے جن کی حمایت مستقبل میں پارٹی کی بحالی کیلئے ناگزیر ہوگی۔
قیادت کا پہلا امتحان فتح کی تقریر نہیں، بلکہ عاجزی، اتحاد، شمولیت اور مخالف امیدوار کے حامیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت ہوگا۔
“اصل مسئلہ: اونٹاریو لبرلز ابھی تک اپنی سیاسی سمت تلاش کر رہے ہیں”
اونٹاریو لبرل پارٹی 2018 سے حکومت سے باہر ہے۔ اس کی سیاسی بحالی سست رہی ہے اور پارٹی کو اب بھی اپنی شناخت، عوامی اعتماد اور یہ ثابت کرنے کیلئےجدوجہد کرنا پڑ رہی ہے کہ وہ دوبارہ اونٹاریو کی حکومت چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
قیادت کا انتخاب پارٹی کے اندر جوش و جذبہ پیدا کر سکتا ہے، لیکن یہ عوامی حمایت میں اضافے کی ضمانت نہیں۔
“نئے قائد کو کئی مشکل سوالات کے جواب دینا ہوں گے”
اونٹاریو کیلئے پارٹی کا منفرد سیاسی اور معاشی وژن کیا ہے؟
مہنگائی اور رہائش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مقابلہ کیسے کیا جائے گا؟
معیشت اور روزگار کے لیے قابلِ عمل منصوبہ کیا ہے؟
مضافاتی علاقوں، متوسط طبقے، تارکین وطن اور نوجوانوں سے دوبارہ رابطہ کیسے قائم کیا جائے گا؟
صوبے بھر میں مضبوط حلقہ جاتی تنظیمیں کیسے بنائی جائیں گی؟
گزشتہ انتخابی شکستوں سے کیا سبق حاصل کیا گیا ہے؟
اگر ان سوالات کے واضح اور قابلِ اعتماد جواب نہ دیے گئے تو قیادت کی یہ کامیابی محض پارٹی کے اندر ایک سیاسی واقعہ بن کر رہ جائے گی۔
“طلبہ قیادت کا انتخاب تو کر سکتے ہیں، کیا پالیسی بھی تبدیل کر سکتے ہیں؟”
اس انتخاب میں طلبہ کے کردار کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر تنقیدی نظر ڈالنا بھی ضروری ہے۔
نوجوانوں نے ثابت کیا کہ منظم سیاسی شرکت قیادت کے انتخاب کا نتیجہ تبدیل کر سکتی ہے۔ لیکن ان کی سیاسی شمولیت صرف کسی امیدوار کو ووٹ دینے تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔
نئی قیادت کو طلبہ کو پالیسی سازی، پارٹی کے فیصلہ سازی کے عمل اور آنے والی نسل کے سیاسی ترجیحات میں حقیقی کردار دینا ہوگا۔
اگر طلبہ کلب قیادت کے انتخاب میں اتنی طاقت رکھتے ہیں کہ وہ فیصلہ کن کردار ادا کر سکیں، تو انہیں پارٹی کے منشور، پالیسیوں اور سیاسی ترجیحات پر اثر انداز ہونے کا موقع بھی ملنا چاہیے۔
ورنہ ان کی سیاسی شرکت ایک حقیقی جمہوری شراکت داری کے بجائے صرف انتخابی مہم کا ذریعہ بن کر رہ جائے گی۔
“اس انتخاب کے نتائج مستقبل میں کیا ہوں گے؟”
اس انتہائی کم فرق سے سامنے آنے والے نتائج کے اثرات آنے والے مہینوں میں واضح ہو سکتے ہیں۔
اگر نئی قیادت پارٹی کو متحد کرنے، داخلی نظام میں اصلاحات لانے اور ایک مضبوط صوبائی سیاسی ایجنڈا بنانے میں کامیاب ہوتی ہے، تو یہ انتخاب اونٹاریو لبرل پارٹی کی حقیقی سیاسی بحالی کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔
لیکن اگر پارٹی اندرونی اختلافات کا شکار رہی، مختلف دھڑے اقتدار اور اثر و رسوخ کی کشمکش میں مصروف رہے، یا نئی قیادت عوام اور پارٹی کے عام ارکان سے رابطہ قائم کرنے میں ناکام رہی، تو یہ معمولی فرق سے حاصل ہونے والی کامیابی مستقبل میں سیاسی عدم استحکام کا سبب بن سکتی ہے۔
سیاسی مخالفین بھی اس نتیجے کو پارٹی کی کمزوری کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ اگر لبرلز اپنی توانائیاں حکومت کو چیلنج کرنے کے بجائے اندرونی اختلافات ختم کرنے میں صرف کرتے رہے، تو اس کا فائدہ یقینی طور پر پروگریسو کنزرویٹو پارٹی اور ڈگ فورڈ کی حکومت کو ہوگا۔
“حتمی تجزیہ”
نودیپ سنگھ بینس نے پارٹی کے قواعد کے مطابق قیادت کا انتخاب جیتا ہے اور اس نتیجے کا احترام کیا جانا چاہیے۔ لیکن قیادت کا انتخاب جیتنا پوری جماعت کا اعتماد حاصل کرنے یا اونٹاریو کے عوام کی حمایت حاصل کرنے کے مترادف نہیں ہے۔
اونٹاریو لبرل پارٹی کو صرف نئے قائد کی ضرورت نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ جمہوری جائزے، مضبوط بنیادی تنظیموں، شفاف ممبرشپ نظام، طلبہ کی بامعنی شرکت اور واضح سیاسی وژن کی ضرورت ہے۔
انتہائی کم فرق سے حاصل ہونے والی کامیابی کو غرور نہیں، بلکہ عاجزی اور ذمہ داری کا پیغام سمجھنا چاہیے۔
پارٹی کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس کا قیادت کا انتخاب محض ووٹوں، پوائنٹس اور منظم گروپوں کا مقابلہ نہیں تھا، بلکہ سیاسی تجدید اور عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک حقیقی قدم تھا۔
قائد منتخب ہو چکا ہے، لیکن اونٹاریو لبرل پارٹی نے واقعی اپنے مستقبل کی نئی راہ جیت لی ہے یا نہیں، یہ سوال ابھی باقی ہے۔

