اونٹاریو(نمائندہ خصوصی) کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ میریلن گلیڈو نے پارٹی چھوڑ کر لبرلز میں شمولیت اختیار کرلی۔اونٹاریو کے حلقے سارنیا۔لیمبٹن۔بکیجوانونگ سے منتخب رکن پارلیمنٹ نے اپنے حلقے کے عوام کے نام خط میں کہا کہ ملک کو اس وقت مضبوط قیادت اور واضح معاشی منصوبے کی ضرورت ہےاور وہ تعمیری و اشتراکی انداز میں ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔
وزیراعظم مارک کارنی نے میریلن گلیڈو کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ حکومتی ٹیم کیلئے مفید ثابت ہوگا۔
گلیڈو 2015 میں پہلی بار منتخب ہوئیں اور گزشتہ چند ماہ کے دوران پارٹی تبدیل کرنے والی پانچویں رکن پارلیمنٹ ہیں، اس سے قبل کرس ڈی اینٹریمون، مائیکل ما اور میٹ جینرو بھی لبرلز میں شامل ہوچکے ہیں، جبکہ حال ہی میں لوری ایڈلوٹ بھی حکومتی بینچز کا حصہ بنی ہیں۔
اس پیشرفت کے بعد لبرل پارٹی کی نشستیں بڑھ کر 171 ہوگئی ہیں، جو سادہ اکثریت کیلئے درکار 172 نشستوں سے صرف ایک کم ہیں جبکہ آئندہ ضمنی انتخابات میں حکومت کو مزید برتری حاصل ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب اس صورتحال کو کنزرویٹو رہنما پیئر پوالیور کیلئے بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

