اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)کینیڈا پوسٹ کے ملازمین نے نئے معاہدے کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ادارے اور ڈاک ملازمین کی یونین کے درمیان کئی سال سے جاری کشیدگی اور ہڑتالوں کا سلسلہ ختم ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ملازمین کی نمائندہ یونین کینیڈین یونین آف پوسٹل ورکرز کے مطابق 85.9 فیصد اراکین نے دسمبر 2025 میں طے پانے والے عارضی معاہدے کے حق میں ووٹ دیا۔
یونین کے مطابق دیہی اور مضافاتی ڈاک تقسیم کرنے والے تقریباً 86 فیصد کارکنوں نے معاہدے کی حمایت کی، جبکہ شہری ملازمین میں یہ شرح 89 فیصد رہی۔
یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس دورانیے میں ڈاک ملازمین کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم انہوں نے مضبوطی سے اپنے مؤقف پر قائم رہ کر مذاکرات کا عمل مکمل کیا۔
کینیڈا پوسٹ کی جانب سے جاری بیان میں ادارے کے سربراہ نے کہا کہ نئے معاہدوں کے بعد اب وہ ملازمین کے ساتھ مل کر ادارے کی بہتری، نظام پر اعتماد کی بحالی اور بہتر سروس کی فراہمی کے لیے کام کریں گے۔
معاہدے کے مطابق اجرتوں میں پہلے سال 6.5 فیصد، دوسرے سال 3 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ تیسرے سے پانچویں سال تک اضافہ افراطِ زر کے مطابق کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہفتہ وار پارسل ڈیلیوری ماڈل اور بہتر مراعات بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ ووٹنگ کا عمل 20 اپریل سے 30 مئی تک جاری رہا، جس دوران دونوں فریقین نے ہڑتال یا لاک آؤٹ نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

