تہران (خبر ایجنسیاں) اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے علی لاریجانی کو نشانہ بنایا ہے۔رپورٹس کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ حملے میں شہید ہوئے یا زخمی، جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ علی لاریجانی کو گزشتہ رات کے حملوں میں ہدف بنایا گیا۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق ایران کی جانب سے علی لاریجانی کی شہادت کی کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے علی لاریجانی کا ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا ہے، جس سے ان کی ہلاکت کی خبروں پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ادھر تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے شہر کے مرکزی علاقوں میں محسوس کیے گئے، تاہم ابھی تک ہدف بننے والے مقامات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ تہران میں شہریوں اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان ہائی الرٹ صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔

