مسقط ( اے ایف پی، ایرانی میڈیا، ارنا)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد عمان پہنچ گئے ہیں اور سرکاری میڈیا کے مطابق وہ اپنے دورۂ عمان کے بعد دوبارہ پاکستان آئیں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی ماسکو روانگی سے قبل ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کریں گےجبکہ ان کے وفد کا ایک حصہ تہران واپس جا چکا ہے تاکہ جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر مشاورت اور ہدایات حاصل کی جا سکیں۔
رپورٹ کے مطابق متعلقہ وفد اتوار کی شب اسلام آباد میں دوبارہ وزیر خارجہ کے ساتھ شامل ہوگا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مسقط پہنچنے پر کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے بعد یہ خطے کا اہم سفارتی دورہ ہے اور ایران خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔

