ایران اور امریکا کے درمیان کسی ملاقات کا کوئی شیڈول نہیں:اسماعیل بقائی

تہران( غیرملکی میڈیا)ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ پاکستان کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسماعیل بقائی، جو ایرانی وزارتِ خارجہ کے پبلک ڈپلومیسی سینٹر کے سربراہ بھی ہیں، وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران ایرانی وفد اپنے مشاہدات اور مؤقف سے آگاہ کریگا۔اسماعیل بقائی کے مطابق ملاقاتوں میں امریکا کی مسلط جارحانہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی جن میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کی کوششوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔