انقرہ (غیر ملکی خبر رساں ادارے)ترکیہ کی خفیہ سروس کے سربراہ ابراہیم قالن نے ایک چونکا دینے والے خطاب میں کہا ہے کہ ایران جنگ علاقائی تنازعات کی بنیاد ڈال رہی ہے جو عشروں تک جاری رہ سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابراہیم قالن نے کہا کہ ترکیہ اس آگ کے گولے کو اپنے ہاتھوں میں لے کر ٹھنڈا کرے گا، اور ایران کے خلاف جون میں 12 روزہ جنگ حالیہ جنگ کے لیے حالات جانچنے کی کوشش تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ سے کرد، عرب اور فارسی اقوام کے درمیان عشروں تک تنازع پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے خطے میں تقسیم مزید گہری ہو سکتی ہے۔
ترک انٹیلی جنس سربراہ نے بتایا کہ علاقائی جنگ کی قیمت عالمی سطح پر 8 ارب افراد کو بھگتنا پڑ سکتی ہے، اور جنگ شروع کرنے والے لبنان، شام، فلسطین اور دیگر علاقوں میں نئے حقائق قائم کر رہے ہیں۔
ابراہیم قالن نے خلیجی ممالک پر ایران کے حملے کو ناقابل قبول قرار دیا، مگر کہا کہ بھولنا نہیں چاہیے کہ جنگ شروع کس نے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ پاکستانی انیشیٹیو سمیت مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے۔

