ایران نے پاکستانی جنگ بندی تجویز موصول ہونے کی تصدیق کر دی

تہران (عرب میڈیا) ایران نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ بندی تجاویز پر اپنا ردعمل مرتب کر لیا ہے اور مناسب وقت پر اس کی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ قومی مفادات کی بنیاد پر اپنے مطالبات ثالثی چینلز کے ذریعے پہنچا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے جائز مطالبات بیان کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا، اسے کسی صورت کمزوری یا سمجھوتے کی علامت نہ سمجھا جائے بلکہ یہ قومی دفاع کے عزم کا اظہار ہے، مذاکرات کو الٹی میٹم اور جنگی جرائم کی دھمکیوں کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا۔

ترجمان نے امریکا کے مجوزہ 15 نکاتی منصوبے کو غیر معمولی، غیر منطقی اور حد سے زیادہ بلند عزائم پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ثالثی کے ذریعے امریکا کی تجاویز ایران تک پہنچائی گئیں، جن میں 15 نکاتی منصوبہ بھی شامل تھا جو پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے ذریعے سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی شرائط اور مطالبات کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم انہیں مناسب وقت پر ظاہر کیا جائے گا، اور ایران کسی دباؤ میں آئے بغیر اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کریگا۔ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کے پاس اپنا فریم ورک موجود ہے جو مکمل داخلی مشاورت کے بعد ترتیب دیا گیا ہے، اور ثالثوں کے ساتھ رابطے کو کمزوری قرار دینا درست نہیں، ایران نے ابتدا ہی سے ان تجاویز پر اپنا مؤقف تیار کر رکھا ہے۔