تہران (عرب میڈیا) ایران نے واضح کیا ہے کہ کسی عارضی جنگ بندی کے بدلے آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہیں کھولا جائے گا۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران عارضی سیزفائر کے بدلے اس اہم گزرگاہ کو بحال کرنے کیلئے تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران، واشنگٹن کو مستقل جنگ بندی کے حوالے سے غیر سنجیدہ سمجھتا ہے، اسی لیے عارضی اقدامات کے بدلے کسی اسٹریٹجک فیصلے پر آمادہ نہیں۔عہدیدار نے تصدیق کی کہ ایران کو پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہو چکی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران کسی بھی دباؤ یا ڈیڈ لائن کو قبول کرتے ہوئے فوری فیصلہ کرنے کیلئےتیار نہیں۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کیلئے نہایت اہم گزرگاہ ہے، اور اس سے متعلق کسی بھی پیش رفت کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر براہِ راست مرتب ہوتے ہیں۔

