ایران کیلئے جاسوسی: 3 اسرائیلی فوجیوں اور ایک آبادکار پر فردِ جرم عائد

تل ابیب (پریس ٹی وی، اسرائیلی میڈیا)اسرائیلی حکام نے ایران کیلئے مبینہ جاسوسی کے الزام میں تین اسرائیلی فوجیوں اور ایک آبادکار کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی داخلی خفیہ ایجنسی اور پولیس کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان طویل عرصے سے ایران سے منسلک مبینہ ایجنٹس کے رابطے میں تھے اور انہوں نے جان بوجھ کر تہران کیلئے جاسوسی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

بیان کے مطابق تینوں فوجی اسرائیلی فضائیہ کے ایک ٹیکنیکل اسکول میں تربیت حاصل کر رہے تھے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ ایرانی ہینڈلر کی ہدایات پر فوجی تنصیبات اور دیگر مقامات کی تصاویر بنائیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ریلوے اسٹیشنز، شاپنگ سینٹرز اور سیکیورٹی کیمروں سمیت مختلف عوامی مقامات کی معلومات اور تصاویر بھی اکٹھی کیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ ایرانی رابطہ کار نے ان افراد سے اسلحہ خریدنے کا مطالبہ بھی کیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس پر عمل کیا گیا یا نہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق چاروں ملزمان پر جمعہ کو حیفہ ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں عام شہریوں اور آبادکاروں کے ایران سے منسلک آن لائن نیٹ ورکس سے مبینہ رابطوں کے واقعات میں حالیہ عرصے کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی حالیہ کشیدگی کے دوران متعدد مشتبہ عناصر کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی ادارے ملک میں تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔