برامپٹن(نمائندہ خصوصی)سٹی انتظامیہ کے مطابق میونسپل الیکشن 2026 کے دوران براڈکاسٹرز اور پبلشرز کیلئےانتخابی اشتہارات کے قواعد پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔قواعد 1 مئی سے 26 اکتوبر تک نافذ العمل رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق برامپٹن کا میونسپل الیکشن 26 اکتوبر 2026 کو ہوگا جس میں میئر، ریجنل کونسلرز، سٹی کونسلرز اور چار تعلیمی بورڈز کے ٹرسٹیز کا انتخاب کیا جائیگا۔ہدایات کے مطابق انتخابی اشتہارات دو اقسام کے ہونگے، امیدواروں کے اشتہارات اور تھرڈ پارٹی اشتہارات۔
امیدواروں کے اشتہارات میں لازمی ہوگا کہ امیدوار کا نام اور رابطہ معلومات واضح طور پر دی جائیں، جبکہ تھرڈ پارٹی اشتہارات میں رجسٹرڈ ادارے کا نام، میونسپلٹی رجسٹریشن اور رابطہ معلومات شامل کرنا ضروری ہوگا۔
1 مئی سے 23 اکتوبر 2026 کے دوران تھرڈ پارٹی اشتہارات کیلئے رجسٹریشن سٹی کلرک آفس میں کرانا لازم ہوگا۔قواعد کے مطابق براڈکاسٹرز اور پبلشرز کو تمام اشتہارات کا ریکارڈ کم از کم 4 سال تک محفوظ رکھنا ہوگا، جس میں اشتہار کی کاپی اور وصول شدہ فیس کی تفصیلات شامل ہوں گی۔سٹی انتظامیہ نے مزید معلومات کیلئےبرامپٹن ووٹس ویب سائٹ اور متعلقہ ہیلپ لائنز بھی جاری کی ہیں۔

