برامپٹن میں پیٹرک براؤن تیسری بار میئر منتخب، کونسل اور تعلیمی بورڈ کے نتائج بھی جاری

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر برامپٹن میں 26 اکتوبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں پیٹرک براؤن مسلسل تیسری مرتبہ میئر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے تقریباً 55 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنے حریفوں کو واضح برتری سے شکست دی۔

انتخابی نتائج کے مطابق پیٹرک براؤن نے 65 ہزار 893 ووٹ حاصل کیے، جو مجموعی ووٹوں کا 54.90 فیصد ہیں۔ ویسلے جیکسن 23 ہزار 236 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ پربھ گل 15 ہزار 257 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

براؤن نے اپنے قریب ترین حریف ویسلے جیکسن کو 42 ہزار 657 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ پربھ گل تیسرے نمبر پر رہے۔ اس کامیابی کے بعد پیٹرک براؤن آئندہ چار سال کے لیے مزید میئر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

برامپٹن سٹی کونسل اور پیل ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ کے ٹرسٹیوں کے انتخاب میں بھی نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کئی سابق کونسلرز اپنی نشستیں برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، جبکہ بعض نئے امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی۔

“ریجنل اور سٹی کونسلرز کے کامیاب امیدوار”
ریجنل کونسلر کی نشستوں پر وارڈز 1 اور 5 سے پال ونسینٹے، وارڈز 2 اور 6 سے مائیکل پالیشی، وارڈز 3 اور 4 سے مارٹن میڈیروس، وارڈز 7 اور 8 سے راڈ پاور جبکہ وارڈز 9 اور 10 سے سکھمن سنگھا کامیاب قرار پائے۔

سٹی کونسلر کی نشستوں پر وارڈز 1 اور 5 سے رووینا سانتوس، وارڈز 2 اور 6 سے نوجیت کور برار، وارڈز 3 اور 4 سے ڈینس کینن، وارڈز 7 اور 8 سے ترن چہل اور وارڈز 9 اور 10 سے ہرکیرت سنگھ نے کامیابی حاصل کی۔

“اسکول بورڈ ٹرسٹیوں کے نتائج”
پیل ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ کی ٹرسٹی نشستوں پر وارڈز 1 اور 5 سے کیتھی میکڈونلڈ، وارڈز 2 اور 6 سے کرس کیمبل، وارڈز 3 اور 4 سے جوت دھالیوال، وارڈز 7 اور 8 سے کارلا بیلی جبکہ وارڈز 9 اور 10 سے خوشپال سنگھ پوار کامیاب ہوئے۔