برامپٹن میں 28 ستمبر کو اسموک الارم چیک کرنے کا دن منایا جائیگا

برامپٹن(نامہ نگار) برامپٹن فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے شہریوں کو 28 ستمبر کو گھروں میں اسموک الارم کی جانچ کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں ہر سیکنڈ اہم ہوتا ہے اور فعال اسموک الارم گھر میں آگ لگنے کی صورت میں بروقت خبردار کرکے جان بچانے کے امکانات میں 50 فیصد تک اضافہ کر سکتے ہیں۔

صوبے بھر میں جاری آگ سے بچاؤ کی مہم کے تحت 28 ستمبر کو برامپٹن میں اسموک الارم کی جانچ کا دن منایا جائے گا، اس موقع پر فائر سروسز اور کمیونٹی شراکت دار شہریوں کو اسموک الارم کی ضروریات، گھروں سے آگ لگنے کی صورت میں محفوظ انخلا کی منصوبہ بندی اور آگ سے بچاؤ کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

شہری 28 ستمبر کو سہ پہر ساڑھے 3 بجے سے شام 6 بجے تک کیسی کیمبل کمیونٹی سینٹر، گور میڈوز کمیونٹی سینٹر اور کوسٹکو میں آگ سے بچاؤ سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔

برامپٹن فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے مطابق شہری ہر ماہ اسموک الارم کا ٹیسٹ کریں، سال میں کم از کم ایک مرتبہ بیٹری تبدیل کریں اور اگر بیٹری ختم ہونے کی تنبیہ سنائی دے تو اس سے پہلے بیٹری تبدیل کردی جائے۔ اسموک الارم ہر 10 سال بعد تبدیل کرنا بھی ضروری ہے۔

اونٹاریو کے قانون کے مطابق گھر کی ہر منزل اور سونے کے تمام مقامات کے باہر فعال اسموک الارم نصب ہونا ضروری ہے۔ شہریوں کو گھر سے آگ لگنے کی صورت میں باہر نکلنے کا منصوبہ بنانے اور گھر کے تمام افراد کے ساتھ اس کی مشق کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ فعال اسموک الارم ہنگامی صورتحال میں زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، شہری 28 ستمبر کو چند منٹ نکال کر اپنے گھروں میں الارم چیک کریں اور گھر سے محفوظ انخلا کے منصوبے کا بھی جائزہ لیں۔

برامپٹن فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے فائر چیف اینڈی گلین نے کہا کہ اسموک الارم گھر میں آگ لگنے کی صورت میں تحفظ کی پہلی علامت ہے، تاہم یہ اسی وقت مؤثر ہوتا ہے جب وہ درست کام کر رہا ہو۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ 28 ستمبر کو الارم چیک کرنے کے بعد ہر ماہ اس کا ٹیسٹ جاری رکھیں۔