برامپٹن (نمائندہ خصوصی) سٹی آف برامپٹن نے ٹورنٹو اینڈ ریجن کنزرویشن اتھارٹی کے اشتراک سے ہارٹ لیک روڈ ویٹ لینڈز کنیکٹیویٹی پروجیکٹ کیلئے اونٹاریو حکومت سے تقریباً 12 لاکھ ڈالر کی صوبائی فنڈنگ حاصل کرلی۔
صوبائی فنڈنگ ویٹ لینڈز کنزرویشن پارٹنر پروگرام کے تحت فراہم کی گئی ہے، جس سے ہارٹ لیک روڈ کے اطراف دلدلی علاقوں کی بحالی، جنگلی حیات کے مسکن میں بہتری اور بارشی پانی کے نکاس کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت ویٹ لینڈز کے مسکن کو بحال اور وسعت دی جائے گی، پرانی پانی گزار نالی تبدیل کرکے پانی کے بہاؤ اور جنگلی حیات کی محفوظ نقل و حرکت کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ کچھوؤں سمیت دیگر جانوروں کو سڑک کے نیچے محفوظ راستہ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی باڑ بھی نصب کی جائے گی۔
سٹی آف برامپٹن کے مطابق منصوبے سے سیلاب کے خطرے میں کمی، ہارٹ لیک ویٹ لینڈ کمپلیکس کی ماحولیاتی صحت میں بہتری اور اسے اسپرنگ کریک سے جوڑنے والے قدرتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ منصوبے پر تعمیراتی کام جون 2026 میں شروع ہوچکا ہے، جبکہ ٹورنٹو اینڈ ریجن کنزرویشن اتھارٹی تعمیراتی منتظم اور منصوبے کی شراکت دار ہے۔
یہ منصوبہ برامپٹن کے روڈ ایکولوجی پروگرام کے وسیع تر مقاصد کا بھی حصہ ہے، جس کا مقصد سڑکوں کے باعث جنگلی حیات کی نقل و حرکت میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو کم کرنا، جانوروں اور گاڑیوں کے تصادم کے واقعات میں کمی لانا اور قدرتی مسکن کو ایک دوسرے سے مربوط کرنا ہے۔
سٹی آف برامپٹن کے مطابق ہارٹ لیک روڈ کے علاقے میں 2025 کے دوران 27 تربیت یافتہ رضاکاروں نے نگرانی کی، جس کے دوران جنگلی حیات اور سڑکوں سے متعلق 106 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ اس نگرانی کے نتیجے میں ہارٹ لیک روڈ کو جنگلی حیات کے محفوظ گزرگاہوں میں بہتری کیلئے برامپٹن کے اہم ترین مقامات میں شامل کیا گیا۔
اس موقع پر میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ اونٹاریو حکومت کی جانب سے اہم سرمایہ کاری پر برامپٹن شکر گزار ہے، ویٹ لینڈز کی بحالی اور تحفظ ماحولیات کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سیلاب کے خطرے سے محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
اونٹاریو کے وزیر ماحولیات ٹوڈ میکارتھی نے کہا کہ ویٹ لینڈز خشک سالی اور سیلاب سے گھروں اور کاروباروں کے تحفظ، پانی کی صفائی اور جنگلی حیات کیلئے مسکن فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
برامپٹن نارتھ کے صوبائی رکن اسمبلی گراہم میک گریگر نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری سیلاب کے خطرے میں کمی، قیمتی ویٹ لینڈز کی بحالی اور مقامی ماحول کے تحفظ میں مدد دے گی، جبکہ ٹورنٹو اینڈ ریجن کنزرویشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان میک کینزی نے منصوبے کو مضبوط شراکت داری کی مثال قرار دیا۔

