برطانیہ: افغان پناہ گزین کو 12 سالہ بچی سے جنسی زیادتی پر 15 سال قید

لندن ( رائٹرز)23 سالہ افغان پناہ گزین احمد ملا خیل کو برطانیہ کے وارک کراؤن کورٹ نے وسطی انگلینڈ کے قصبے نونیٹن میں 12 سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی، اغوا، جنسی حملہ اور نامناسب ویڈیو بنانے کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت کے مطابق واقعہ گزشتہ سال 22 جولائی کو پیش آیا، جب احمد ملا خیل نے کم عمر لڑکی کو پارک میں ملاقات کے بعد ایک ویران جگہ پر لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور دورانِ حملہ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔ ملزم نے پہلے ایک اور ریپ کے الزام میں بھی اعتراف کیا تھا۔

جج کرسٹینا مونٹگمری نے کہا کہ متاثرہ بچی نے ملزم کو بتایا تھا کہ اس کی عمر 19 سال ہے، لیکن عدالت کے مطابق یہ واضح ہے کہ ملزم جانتا تھا کہ بچی 16 سال سے کم عمر کی تھی۔ عدالت نے ملزم کو 15 سال قید کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد اسے خودکار طور پر برطانیہ سے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید ردعمل اور احتجاج دیکھنے کو ملا اور مقامی کمیونٹی نے پولیس کی ابتدائی رپورٹنگ پر سوالات اٹھائے، کیونکہ ملزم کی پناہ گزین حیثیت ابتدائی طور پر ظاہر نہیں کی گئی تھی۔