بریمپٹن(نمائندہ خصوصی)بریمپٹن میں رکن اسمبلی سونیا سدھو کی جانب سے بریمپٹن ساؤتھ یوتھ فیئر کا انعقاد کیا گیا، جس میں 200 سے زائد نوجوانوں اور 15 مختلف اداروں نے شرکت کی۔یہ تقریب سوسن فینل اسپورٹس پلیکس کے یوتھ ہب میں منعقد ہوئی، جہاں نوجوانوں کو ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور پبلک سروس سمیت مختلف شعبوں کے نمائندوں سے براہ راست رابطے کا موقع ملا۔
تقریب میں پیل ریجنل پولیس، ٹورنٹو میٹروپولیٹن یونیورسٹی، ولیم اوسلر ہیلتھ سسٹم اور دیگر اداروں نے شرکت کرتے ہوئے نوجوانوں کو کیریئر کے مواقع، رہنمائی اور مختلف پروگرامز سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سونیا سدھو کا کہنا تھا کہ نوجوان باصلاحیت اور پرعزم ہیں، اور کمیونٹی کی ذمہ داری ہے کہ انہیں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں۔
یوتھ ہب کے قیام کیلئے 2023 میں ایک ملین ڈالر سے زائد کی وفاقی سرمایہ کاری کی گئی تھی، جس کا مقصد نوجوانوں کیلئے محفوظ اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر سونیا سدھو نے تمام شریک اداروں، رضاکاروں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس کامیاب ایونٹ کو کمیونٹی کے روشن مستقبل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

