برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں نویں صدی سے اب تک کے نادر قرآنی قلمی نسخوں کی نمائش جاری ہے۔ بریڈفورڈ کے خطاط رضوان الحق، ڈاکٹر سہیل احمد، ، باکسنگ ہیڈ کوچ نثار حسین اور سپر فلائی ویٹ باکسنگ ورلڈ چیمپئن تاصف خان اور ان کی ٹیم نے برٹش لائبریری، بریڈفورڈ ڈسٹرکٹ میوزیمز اینڈ لائبریریز، سٹی آف کلچر بریڈفورڈ 2025 اور تاصف خان کمیونٹی باکسنگ اکیڈمی کے اشتراک سے ” فائیٹنگ ٹو بی ہرڈ” fighting to be heard نمائش کا انعقاد کیا ہے۔
بریڈفورڈ میں جاری قرآن مجید کے قلمی نسخوں کی نمائش میں نویں، سولہویں اور انیسویں صدی کے عرب، عراق، مشرق وسطٰی، چین اور برصغیر کے نادر قرآنی قلمی نسخوں کے علاوہ مختلف مسلمان خطا طوں اور مقامی فنکار رضوان الحق کے فن پاروں کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں بریڈفورڈ کونسل کی لیڈر سوزن ہنچ کلف، بریڈفورڈ یونیورسٹی کی وائس چانسلر شرلی کوگڈن، برٹش لائبریری کے کروٹر ڈینیل لوو اور بریڈ فورڈ ڈسٹرکٹ میوزیمز اینڈ لائبریریز کی کروٹر جل آئرڈیل کےعلاوہ مختلف مذاہب اور کمیونٹییز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
نمائش کے شرکاء نے نایاب قرآنی قلمی نسخوں کی زیارت کو ایمان کی تازگی کا ذریعہ قرار دیا اور بریڈ فورڈ کےنوجوانوں کو روح پرور نمائش کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ باکسنگ اور خطاطی کا امتزاج ان نوجوانوں کی منفرد سوچ اور اپنے مذہب، ثقافت اور اسلامی آرٹ سے ان کی وابستگی کا عکاس ہے۔ قرآنی قلمی نسخوں کی نمائش کے منتظمین نے کلام الٰہی کے عظیم نسخوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا بنیادی مقصد لوگوں کو اسلامی ثقافت، آرٹ اور کلچر کے حوالے سےمعلومات تک رسائی کا موقع فراہم کرنا اور مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے لوگوں کو ان نادر اور نایاب قرآن کریم کے نفیس قلمی نسخوں کے ساتھ ساتھ دیگر فن کاروں کےفن پاروں سےمتعارف کروانا ہے۔ “فائیٹنگ ٹو بی ہرڈ” نمائش کارٹرائیٹ ہال لیسٹر پارک بریڈفورڈ میں 27 اپریل تک جاری رہے گی۔

