اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے سوال اٹھایا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بعد 27ویں آئینی ترمیم کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی کی درخواست مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن نے دائر کی تھی۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پورے نظام کی خرابی کی بات کی اور کہا کہ جو کچھ کیا گیا وہ غلط تھا۔
عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف یہ بات کہہ کر اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، حکمران اتحاد میں شامل جماعت کے چیئرمین نے اپنے بیان سے ان لوگوں کو بے نقاب کردیا ہے جو اس عمل میں شریک تھے۔انہوں نے سوال کیا کہ جب پیپلز پارٹی کا چیئرمین خود 27ویں ترمیم کے بارے میں اتنی بڑی بات کر رہا ہے تو اس کے بعد اس ترمیم کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟

