پھوکٹ (اے پی، رائٹرز) تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے پھوکٹ کے شہر پٹونگ میں ایک کمرشل عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق آگ پیر 16 نومبر کی صبح تقریباً 3 بج کر 17 منٹ پر ایک عمارت میں لگی، جہاں زیریں منزل پر موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت اور کرائے کا کاروبار تھا جبکہ بالائی منزلیں رہائشی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔ آگ نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں 36 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں زیادہ تر افراد دھوئیں سے متاثر ہوئے یا شیشے ٹوٹنے کے باعث زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں تھائی اور میانمار کے شہری شامل ہیں، جبکہ حکام نے بتایا کہ کوئی سیاح ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
فوکٹ کے گورنر چودنارین کوئڈسوم کے مطابق متاثرہ عمارت میں تقریباً 100 موٹر سائیکلیں موجود تھیں، جبکہ وہاں ایندھن، انجن آئل، پلاسٹک کا سامان اور ٹائر بھی رکھے ہوئے تھے۔ آتش گیر مواد کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت میں زہریلا دھواں بھر گیا۔ کئی افراد جان بچانے کیلئے بالائی منزلوں کی جانب گئے، جہاں سے لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کمانڈر سوراچائی سوکسائی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے قریب بجلی کے ٹرانسفارمر میں آگ لگنے سے کچھ دیر قبل دھماکا ہوا تھا۔ تاہم آتشزدگی کی حتمی وجہ جاننے کیلئےتحقیقات جاری ہیں۔فائر فائٹرز نے تقریباً ایک سے دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔

