تہران (ایجنسیاں) ایران نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی 15 نکاتی تجاویز کا باضابطہ جواب ثالث کاروں کے ذریعے بھجوا دیا ہے اور اب امریکی ردعمل کا انتظار کر رہا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق گذشتہ رات پاکستان کے ذریعے تجاویز کا جواب بھیجا گیا۔ ایران کے اعلیٰ عہدیدار نے برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ امریکی تجاویز یکطرفہ اور غیر منصفانہ ہیں اور صرف امریکا اور اسرائیل کے مفاد میں ہیں۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی ایران اور امریکا کے درمیان کامن گراؤنڈ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں اور سفارت کاری کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کل اسلام آباد میں متوقع ہیں۔ امریکا نے جنگ بندی کیلئے 15 تجاویز دی تھیں، جنہیں ایران نے نامناسب قرار دے کر مسترد کر دیا اور جنگ بندی کیلئے اپنی پانچ شرائط رکھ دی ہیں۔

