جمانجی کی نئی فلم ’اوپن ورلڈ‘ کا ٹریلر جاری، ویڈیو گیم کے کردار حقیقی دنیا میں پہنچ گئے

لاس اینجلس (خبر ایجنسیاں)ہالی وڈ کی مشہور فلمی سیریز ’جمانجی‘ کی نئی فلم ’جمانجی: اوپن ورلڈ‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ویڈیو گیم کے کردار ڈیجیٹل دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں داخل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

سونی پکچرز کی جانب سے جاری کیے گئے ٹریلر میں ڈوائن جانسن، کیون ہارٹ، جیک بلیک اور کیرن گیلن ایک بار پھر اپنے سابقہ کرداروں میں نظر آئیں گے۔

یہ فلم 2019ء میں ریلیز ہونے والی ’جمانجی: دی نیکسٹ لیول‘ کا اگلا حصہ ہے اور فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق فلمی سلسلے کی پانچویں اور آخری کڑی ہوگی۔ اس سلسلے کی پہلی فلم 1995ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں رابن ولیمز نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

نئے ٹریلر میں کہانی ایک دلچسپ موڑ اختیار کرتی دکھائی دیتی ہے، جہاں جمانجی ویڈیو گیم کے کردار اپنی ڈیجیٹل دنیا چھوڑ کر حقیقی دنیا میں پہنچ جاتے ہیں۔ اس دوران اسپینسر، جس کا کردار الیکس وولف ادا کر رہے ہیں، اس کی والدہ جینس، جن کا کردار مارین ہنکل نے نبھایا ہے، اور دیگر کرداروں کے درمیان کھیل کے اندر جسموں کی تبدیلی کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر کے ساتھ جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ فلم کے کردار اس سے پہلے بھی جمانجی کے خطرناک جنگلوں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے ہیں، لیکن اس مرتبہ کھیل اپنے برقی آلے سے باہر نکل کر حقیقی دنیا میں تباہی اور افراتفری پھیلا دیتا ہے۔

فلم کی دیگر نمایاں کاسٹ میں نک جوناس، آکوافینا اور ڈینی ڈیویٹو بھی شامل ہیں۔ فلم 25 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔