جنوبی کوریا:نہر میں پھنسی شارک شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی

بوسان (خبر ایجنسیاں) جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں 3.5 میٹر لمبی شارک نہر میں پھنسنے کے بعد شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران تقریباً 6 لاکھ افراد اسے دیکھنے پہنچ گئے۔

کورین میڈیا کے مطابق شارک کو پہلی بار 18 ستمبر کو نارتھ پورٹ کی ایک تنگ نہر میں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد حکام نے اسے سمندر میں واپس پہنچانے کیلئے پانی کے فواروں کی مدد سے نہر سے نکالنے کی کوشش کی، تاہم یہ کارروائی کامیاب نہ ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق حکام جمعے کو جال کی مدد سے شارک کو کھلے سمندر تک پہنچانے کی ایک اور کوشش کریں گے۔مقامی افراد نے شارک کا نام ’بوکانگی‘ رکھ دیا ہے جبکہ بوسان انتظامیہ نے اسے شہر کا اعزازی سفیر بھی قرار دے دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کوریا کے مقامی تہوار ’چوسوک‘ کے موقع پر 4 روزہ تعطیلات کے دوران تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار افراد نہر میں پھنسی شارک کو دیکھنے پہنچے، جبکہ عام دنوں میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران اس مقام پر اوسطاً صرف 2 ہزار افراد آتے ہیں۔