حیدرآباد: سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

حیدرآباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا اور دریائے سندھ کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “مودی سن لو، ہم سندھ طاس معاہدے پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔”انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی مبینہ سازشوں سے آگاہ ہے اور افغانستان کے حوالے سے بھی بھارتی عزائم کو سمجھتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دریائے سندھ کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، اور اگر ضرورت پڑی تو اس کے لیے ہر قربانی دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بھارت میدانِ جنگ میں اپنی شکست کو قبول نہیں کر پا رہا اور اب دیگر طریقوں سے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے ایران کے عوام کو اسرائیلی حملوں کے دوران ثابت قدم رہنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی مزاحمت سے اسرائیلی منصوبوں کو ناکام بنایا۔