اسلام آباد( پولیس، پاک فضائیہ)پاکستان ایئر فورس کے گروپ کیپٹن عاصم ایک خاتون کو مبینہ اغوا کی کوشش سے بچاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹر سائیکل سوار کو خاتون سے زبردستی کرتے دیکھا۔ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے وہ فوری طور پر واپس آئے اور موٹر سائیکل کے قریب اپنی گاڑی روک دی، جس پر خاتون بھاگ کر ان کی گاڑی کی جانب آ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران مبینہ ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم سے تلخ کلامی کی اور پھر ان پر فائرنگ کر دی۔ وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔بعدازاں اسلام آباد پولیس نے ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے ایریا سے گرفتار کرلیاہے۔
اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر ایئرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم طارق خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ملزم اس کا دفتری ساتھی تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی تھی، تاہم بعد ازاں راستہ تبدیل کر کے اسے کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی اور مزاحمت پر زبردستی کرنے لگا۔ خاتون کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کر کے اسے بچایا۔شہید گروپ کیپٹن عاصم سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑ گئے ہیں۔

