خطے میں نئے تنازع کا آغاز کسی کے مفاد میں نہیں، تمام فریق وعدوں کی پاسداری کریں: پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی/دفتر خارجہ) پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں کسی نئے تنازع کا آغاز کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، جبکہ پائیدار امن کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ تمام متعلقہ فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مفاہمتی یادداشت باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں مشترکہ امن اور خوشحالی کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان بات چیت، سفارت کاری اور تعاون کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کرتا رہے گا۔