تہران(تسنیم نیوز ایجنسی، ایرانی فوجی ذرائع)ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق فوجی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج فارس میں حالیہ کشیدگی اور محدود جھڑپیں وقتی طور پر رک گئی ہیں، تاہم خطے میں دوبارہ تصادم کے خدشات اب بھی موجود ہیں۔
ایرانی فوجی ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے ایرانی آئل ٹینکرز کے خلاف مبینہ کارروائیوں کے بعد ایرانی بحریہ نے ردعمل دیا اور صورتحال کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جواب قرار دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے خلیج فارس میں دوبارہ مداخلت یا ایرانی بحری جہازوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات ہونے والی کارروائی کو ایران نے ناکام بنایا ہے اور اسے جارحیت قرار دیتے ہوئے پسپا کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

