خان پور (جنگ نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے خان پور میں 100 روپے کے دہی پر ہونے والا گھریلو جھگڑا مبینہ طور پر خونریز واقعے میں تبدیل ہوگیا، جہاں شوہر کے تشدد اور فائرنگ سے خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان کی رہائشی ارم شہزادی، جو تین بچوں کی ماں ہیں، کی شادی خان پور کے علاقے فقیر آباد میں ہوئی تھی۔
متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ 100 روپے کا دہی منگوانے کے معاملے پر شوہر اشفاق احمد سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اس نے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔
خاتون کے جسم پر تشدد اور گولی لگنے کے نشانات موجود ہیں جبکہ انہیں تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ارم شہزادی نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تھانہ خان پور پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم اشفاق احمد وقوعے کے بعد فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

