دبئی ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن 45 منٹ بعد بحال کردیاگیا

دبئی (بین الاقوامی میڈیا رپورٹس)دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریباً 45 منٹ کی عارضی بندش کے بعد فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق متبادل ایئرپورٹس پر اتاری گئی اور فضا میں موجود پروازیں دوبارہ دبئی کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 12 سے زائد پروازوں کو عارضی طور پر قریبی ایئرپورٹس کی طرف موڑا گیا تھا۔
اس سے قبل سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابوظبی ایئرپورٹ پر لینڈنگ آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے تھے۔

اس فیصلے کے بعد متعدد بین الاقوامی پروازیں فضا میں ہی واپس موڑ دی گئیں جبکہ کچھ پروازوں کو سعودی عرب اور عمان کے ایئرپورٹس کی جانب ڈائیورٹ کیا گیا۔حکام کے مطابق جو طیارے پہلے ہی یو اے ای کی فضائی حدود میں داخل ہو چکے تھے، انہیں بھی فوری طور پر متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں صورتحال معمول پر آتے ہی فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔